ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  بہار:موسلادھار بار ش کے بعد ندیوں میں طغیانی، کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ  

 بہار:موسلادھار بار ش کے بعد ندیوں میں طغیانی، کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ  

Sat, 13 Jul 2019 23:03:31    S.O. News Service

پٹنہ، 13 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہار میں تمام ندیوں میں طغیانی شباب پر ہے، جس سے بہارمیں ایک بار پھر سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ دراصل بہار اور نیپال کے کچھ حصوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے ہو رہی مسلسل بارش کی وجہ سے شمالی بہار کے کئی حصے ڈوب ہو چکے ہیں، ندیاں خطرے کے نشان کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ بھارت- نیپال سرحد پر بنے کوسی بیراج پر فی الحال پانی کی رفتار 3 ملین 7 ہزار کیوسک ہے، جو اس موسم میں سب سے زیادہ ہے۔نیپال میں ہو رہی بارش کی وجہ سے آنے والے دنوں میں ”بہار کا غم“ کہی جانے والی کوسی ندی میں سطح آب میں اضافہ ہورہا ہے، جس سے شمالی بہار سیلاب کی زد میں آ سکتا ہے۔کوسی براج ایس ڈی او لالہ داس نے کہا کہ نیپال سے جو بھی پانی آتا ہے وہ راست طور پر نیچے کی طرف جاتا ہے، بیراج میں پانی کو روکا نہیں جاتا بلکہ ریگولیٹ کیا جاتا ہے۔ بیراج میں جو 56 گیٹ لگے ہوئے ہیں وہ پانی کو روکنے کے لئے نہیں،بلکہ مشرقی اور مغربی نہر میں آب پاشی کے لئے منتقل کئے جانے کے لیے ہے۔ نیپال میں اب بارش ہوئی ہے تو امکان ہے کہ آگے بھی پانی میں طغیانی بڑھے گی۔کوسی کے علاوہ  باگمتی، بلان اور مہانندا ندیوں میں بھی طغیانی شباب پر ہے۔ گنگا میں بھی مسلسل پانی کی اضافہ ہو رہا ہے، سیلاب کی آہٹ سے ریاست کے کئی علاقوں کے لوگوں کی پریشانی بڑھنے لگی ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے بھی جمعہ کو ممکنہ سیلاب کی صورت حال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ  لے کر حکام کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ 


Share: